ناندیڑ: ۱۹؍ستمبر (اعتماد نیوز)اسمبلی چناؤ پروگرام کے اعلان کے ساتھ ہی
ریاست بھر میں مثالی ضابطہ اخلاق نافذ ہوچکا ہے ۔ الیکشن محکمہ اور پولس
محکمہ کی جانب سے حالات پر کڑی نظررکھی جارہی ہے ۔ پرلی سے ناندیڑ کی طرف
آنے والی ایک انڈیکا کار کی تلاشی لی گئی ۔ اس کار سے نو لاکھ روپئے برآمد
ہوئے ہیں جو فی الحال سڈکو پولس اسٹیشن میں جمع کئے گئے ہیں اور کار میں
موجود افراد سے رقم کی تفصیلات ۲۴؍گھنٹے کے اندر پیش کرنے کا حکم انہیں دیا
گیا ہے ۔ الیکشن کمیشن کی ہدایت کے مطابق ضلع کلکٹر نے الیکشن کے پرامن
انعقاد کیلئے فلائنگ اسکواڈ تشکیل دئیے ہیں ساتھ ہی پولس محکمہ کو بھی چوکس
رہنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ بلدیہ کے اسسٹنٹ کمشنر غلام صادق کی قیادت میں
تشکیل
کردہ فلائنگ اسکواڈ واجے گاؤں چوراستہ پر اپنی ڈیوٹی انجام دے رہاتھا
۔ سڑک پر سے گذرنے والی ایک کار پر انہیں شک ہوا ۔ الیکشن اسکواڈ نے
انڈیکار کار روک کر اس کی تلاشی لی ۔ کار میں موجود سوٹ کیس میں سے ۹؍لاکھ
روپئے برآمد ہوئے ہیں ۔ کار کے مالک گری راج بھارتی نے بتایا کہ یہ رقم
فائنانس کمپنی کی ہے ۔ اس وقت رقم کے ساتھ کوئی کاغذی ثبوت موجود نہیں تھا ۔
اس لئے رقم سڈکو پولس اسٹیشن میں جمع کی گئی ہے ۔ الیکشن افسران نے لوگوں
سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ اپنے ساتھ چناؤ کے دوران کثیر رقم لے کر نہ گھومیں
۔ ضرورت کے مطابق اگر کثیر رقم ساتھ لے جانا ہوتو رقم کی تمام تر تفصیلات
اپنے ساتھ رکھیں ۔ چناؤ میں بدعنوانیوں کو روکنے کیلئے چیک پوسٹ پر بھی
گاڑیوں کی تلاشی لی جارہی ہے ۔